لاہور (جیوڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت نے ممنوعہ بور کے پینتیس ہزار اسلحہ لائسنس جاری کیے تھے تمام غیر قانونی اسلحہ لائسنس کو منسوخ کیا جائے گا اور ماڈل پولیس اسٹیشنز کے قیام کے لیے کاروباری برادری کی معاونت حاصل کریں گے۔
ماڈل ٹاون میں پولیس اصلاحات کے حوالے سے زیر صدارت اجلاس میں میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ تھانہ کلچر کی تبدیلی ضروری ہے، ممنوعہ اسلحہ کے لائسنس ریویو کے لیے وزارت داخلہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ہیلپ لائن ون فائیو کی طرح کے سروس سینٹر قائم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ماڈل پولیس اسٹیشنز کے قیام کیلئے سرمایہ کاروں، صنعتکاروں اور تاجروں کی معاونت حاصل کریں گے۔ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے صرف تھانوں کی تعداد بڑھانا مسئلے کا حل نہیں اس کے لئے نئی عدالتوں کا قیام بھی ضروری ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب میں باقی صوبوں کی نسبت امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔