کراچی (جیوڈیسک) متحدہ عرب امارات میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلی گئی تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں عمدہ کاکردگی کے نتیجے میں عماد وسیم بولرز کی آئی سی سی ٹی20 رینکنگ میں چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔
نوجوان آل راؤنڈر عماد وسیم ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی 20 درجہ بندی میں 33 درجے ترقی پاتے ہوئے سرفہرست پانچ باؤلرز میں شامل ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے حال ہی میں کھیلی جانے والی تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو تمام میچوں میں شکست دی تھی۔
عماد وسیم نے تمام میچوں میں پاکستان ٹیم کو بہتر آغاز فراہم کیا اور مجموعی طور پر نو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ ان کی اس کاکردگی پر انھیں سیریز کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
عماد وسیم کے علاوہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بہتری پانے والے دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں سہیل تنویر، بابر اعظم اور خالد لطیف بھی شامل ہیں۔
عماد وسیم ٹی 20 درجہ بندی میں 33 درجے ترقی پاتے ہوئے سرفہرست پانچ باؤلرز میں شامل ہوئے ہیں۔
بابراعظم ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں 101 رنز بنا کر کامیاب بلے باز رہے جنھیں 201 سے 66 ویں نمبر پر جگہ ملی ہے۔ سیریز میں 95 رنز بنانے والے خالد لطیف بھی 26 درجے ترقی کرتےہوئے سرفہرست 100 بلے بازوں میں شامل ہوئے اور ان کا موجودہ نمبر 94 ہے، جبکہ سہیل تنویر 36ویں پوزیشن پر ہیں۔
ٹی 20 ٹیموں کی درجہ بندی میں پاکستان سیریز میں عالمی چمپیئن کو شکست دینے کے باوجود 111 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہی موجود ہے تاہم ویسٹ انڈین ٹیم ایک درجے تنزلی کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر چلی گئی ہے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعے کے روز شارجہ میں کھیلا جائے گا۔