لاہور (جیوڈیسک) چھ ماہ بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنے کی کوشش کرنے والے آل راؤنڈر عماد وسیم کو اس وقت دھچکہ لگا جب پیر کو پاکستان ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ کی آزمائش میں وہ ناکام رہے۔
ان کی پاکستان ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔منگل کو ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور سپورٹ اسٹاف عماد وسیم کو فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے لئے ایک اور موقع دیں گے۔
حیران کن طور پر فٹنس ٹیسٹ میں سابق کپتان اور آل راونڈر محمد حفیظ نے شرکت نہیں کی۔ انہوں نے ٹیم انتظامیہ کو بتایا کہ وہ اپنی بہن کی علالت کی وجہ سے نہیں آسکتے تاہم شام کو حفیظ پریکٹس کرتے ہوئے دکھائی دیے۔
ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ محمد حفیظ منگل کو فٹنس ٹیسٹ دیں گے تاہم انہیں پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے میں مشکل پیش آرہی ہے۔
ان کی جگہ ایشیا کپ کی ٹیم میں اوپنر شان مسعود شمولیت کے مضبوط امیدوار دکھائی دے رہے ہیں۔
قومی اکیڈمی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فٹنس ٹیسٹ میں کپتان سرفراز احمد سپر فٹ قرار پائے اور دوسروں کے لئے مثال بن گئے۔
سرفراز احمد نے کراچی میں گزشتہ دو ہفتے کلفٹن میں سخت ٹریننگ کی تھی جس کے بعد ان کے فٹنس لیول میں نمایاں بہتری دکھائی دی۔ ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کی اوسط 18.9 رہی۔
کپتان سرفراز احمد کا ٹیسٹ میں کیریئر کا بہترین نتیجہ سامنے آیا۔ان کا فٹنس لیول 18.4 فیصد رہا۔
یو یو ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کیلئے کم سے کم 17.4 پوائنٹس حاصل کرنا لازمی تھا۔
حسن علی کی فٹنس میں بھی بہتری، 20 پوائنٹس حاصل کیے۔فاسٹ بولر جنید خان کی یو یو ٹیسٹ میں ٹاپ 3 پوزیشن۔
ذرائع کے مطابق شعیب ملک کے فٹنس لیول میں بھی بتدریج بہتری، 17.8 پوائنٹس ملے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے دن عماد وسیم کو مکی آرتھر ایک اور موقع دیں گے۔عماد وسیم فروری میں پاکستان سپر لیگ کے دوران ان فٹ ہوئے تھے اس کے بعد وہ مسلسل کرکٹ سے باہر ہیں۔
کیمپ میں آنے سے قبل انہوں نے کیریبین لیگ میں شرکت کی تاہم وہ فٹنس کو بہتر بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
حفیظ نے ٹیسٹ نہیں دیا لیکن ان کا کیس کمزور دکھائی دے رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حفیظ کو پاکستان ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔
منگل سے پاکستان ٹیم کا ٹریننگ کیمپ شروع ہوگایمپ کا دوسرا مرحلہ قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگیا ہے، 10 ستمبر تک جاری رہنے والی مشقوں میں کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ لیے جائیں گے جس کے بعد بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ بہتر بنانے کیلیے مشقیں کی جائیں گی۔
قبل ازیں آرمی فزیکل ٹریننگ اسکول ایبٹ آباد میں تین روزہ کیمپ میں27 رکنی اسکواڈ کی فزیکل فٹنس بہتر بنانے کیلیے مشقیں کی گئیں، جس کے بعد پلیئرز کو شارٹ لسٹ کرتے ہوئے دوسرے مرحلے کیلیے ان کی تعداد 18 کر دی گئی جبکہ ٹورنامنٹ کے لئے پاکستانی ٹیم کا اعلان بھی منگل کو متوقع ہے اگر عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کر سکے تو محمد نواز ٹیم میں شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عمر اکمل اور یاسر شاہ کو پہلی بار فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد دوسرا موقع دیا گیا تھا۔
لاہور میں شیڈول کیمپ کیلیے طلب کیے گئے کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، شان مسعود، امام الحق، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، حارث سہیل، آصف علی، بابر اعظم، شاداب خان، محمد نواز، عماد وسیم، حسن علی، عثمان خان شنواری، محمد عامر، جنید خان، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 15ستمبر سے یو اے ای میں شروع ہوگا، گرین شرٹس اپنا پہلا میچ 16 ستمبر کو گروپ اے کی کوالیفائر ٹیم کے خلاف کھیلیں گے جبکہ 19ستمبر کو روایتی حریف بھارت سے مقابلہ شیڈول ہے۔