لاہور (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستانی باؤلر عماد وسیم نے پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے سپنر عمران طاہر اس پوزیشن پر براجمان تھے۔
انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں وہ اپنی پرفارمنس برقرار نہ رکھ پائے تھے۔ عمران طاہر نے انگلینڈ کیخلاف دو میچوں میں صرف ایک وکٹ حاصل کی جبکہ جنوبی افریقا کو اس سیریز میں دو، ایک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری تازہ رینکنگ میں پاکستانی باؤلر عماد وسیم 780 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، بھارتی فاسٹ باؤلر بمرا 764 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ جنوبی افریقا کے سپنر عمران طاہر 744 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔
دیگر باؤلرز میں انگلینڈ کے راشد خان چوتھے، ویسٹ انڈیز کے بدری پانچویں، بنگلا دیش کے مستفیض الرحمان چھٹے، آسٹریلیا کے باؤلر فولکنر ساتویں، ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن آٹھویں، بنگلا دیش کے شکیب الحسن نویں اور بھارتی باؤلر ایشون دسویں نمبر پر موجود ہیں۔