اسلام آباد(جیوڈیسک)ملک تاریخ میں پہلی بار تیار کی گئی تصویری ووٹر لسٹیں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ریجنل دفاتر کو بھجوا دی ہیں جنہیں ایک دو روز میں ریٹرننگ آفیسرز کے حوالے کر دیا جائے گا۔اسلام آباد تصویری ووٹر لسٹیں نادرا کی طرف سے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے ڈیٹا سے تیار کی گئی ہیں۔ ریٹرننگ آفیسرز یہ لسٹیں پریزائیڈنگ آفیسرز کے حوالے کریں گے۔
الیکشن نتائج کو شفاف بنانے کے لئے پریزائیڈنگ آفیسر ہر تصویر کے ساتھ ووٹر کے انگوٹھے کا نشان لینے کا ذمہ دار ہو گا۔ ووٹر لسٹ پر الگ سے خانہ بھی بنایا گیا ہے تاکہ دھاندلی کے الزامات کی صورت میں نشان انگوٹھا اور تصویر کو نادرا کے ریکارڈ سے تصدیق کر لیا جائے۔
تصویری ووٹر لسٹیں امیدواروں اور حامیوں کے لئے دستیاب نہیں ہوں گی۔ پریزائیڈنگ آفیسرز انتخابی عمل مکمل ہونے پر پولنگ بیگ کے ساتھ ووٹر لسٹیں ریٹرننگ آفیسر کو واپس جمع کروانے کا ذمہ دار ہو گا۔ اس وقت ووٹر لسٹوں کی تصدیق اور چیکنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔