امام احمد رضا بریلوی رحمتہ اللہ علیہ نے اصلاحِ عقائد و اعمال کے لیے تاریخی کردار ادا کیا، صاحبزادہ محمد حسن رضا
Posted on December 24, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز
فیصل آباد: وائس چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ محمد حسن رضا نے کہا ہے کہ امام احمد رضا بریلوی رحمتہ اللہ علیہ نے اصلاحِ عقائد و اعمال کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔ گمراہی و جہالت اور بدعقیدگی کے خاتمے کے لیے فکر رضا کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ عاشقانِ رسول امام بریلوی کے افکار کو مشعلِ راہ بنائیں۔ امام احمد رضا بریلوی چودھویں صدی کے عظیم مفکر، مجدّد اور محدّث تھے۔
امام بریلوی ہی دو قومی نظریہ کے حقیقی بانی ہیں۔ ات خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سیل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس کی قیادت محمد اسد رضوی کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نماز پڑھتے سکیورٹی اہلکاروں پر خودکش حملہ کرنا کون سی شریعت ہے۔ دہشتگردی پاکستان کی بقاء کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔ دہشت گردوں سے ڈرنا نہیں لڑنا ہو گا۔ حکمران عوام کی خوشی اور خوشحالی کو ترجیح بنائیں۔
قانون سازی کے بغیر فرقہ واریت پر قابو پانا مشکل ہے۔ امن پسندوں کو دیوار کے ساتھ لگانے کے نتائج خطرناک ہوں گے۔ قاتلوں کو شہید کہنے والے گمراہ اور امن دشمن ہیں۔ صوبائیت، لسانیت اور فرقہ واریت ملک کے لیے نا سور بن چکی ہے۔ پاکستان میں زندگی مہنگی اور موت سستی ہو چکی ہے۔ حکمران بہتے خون کو روکنے کے لیے فیصلہ کن قدم اٹھائیں۔ فرقہ وارانہ قتل و غارت کی نئی لہر خطرے کی گھنٹی ہے۔ قوم امن پسندوں اور امن دشمنوں کو پہچان چکی ہے۔ عدل و انصاف معاشرے کی اہم ضرورت ہے۔
حکومت کی چھ ماہ کی کارکردگی مایوس کن ہے اور نئے حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ حکمران عوامی بے چینی کو محسوس کریں۔ امن کی بحالی ملک اور عوام کی پہلی ضرورت ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com