اسلام آباد(جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین کی قربانی ہمیں ظلم کے نظام کے خلاف ڈٹ جانے اور چور دروازے سے اقتدار کے راستوں کو تالا لگانے کا درس دیتی ہے۔
یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ واقعہ کربلا امت مسلمہ کو حق اور سچ کا ساتھ دینے کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے کا درس دیتا ہے، اسی جذبے کے ساتھ حق اور سچ کی راہ میں قربانی کے لئے ہمیں خود کو تیار کرنا ہے۔
تاکہ بحیثیت قوم ہم اپنی حقیقی منزل کی جانب ثابت قدم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین کی قربانی ہمیں ہر آمر کے خلاف جدوجہد کرنے، ظلم کے نظام کے خلاف ڈٹ جانے اور چور دروازے سے اقتدار کے راستوں کو تالا لگانے کا درس دیتی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ حال ہی میں پاکستانی قوم نے حق وسچ کی راہ پر ثابت قدم رہ کر نہ صرف امت مسلمہ بلکہ اقوام عالم میں اپنا مقام بلند کیا ہے اور ہمیں امام عالی مقام کی قربانی سے بھی یہی سبق ملتا ہے کہ جمہوریت کی بقا صرف حضرت امام حسینؓ کے راستے پر چل کر ہی ممکن ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی محرم الحرام اور بالخصوص یوم عاشور پر امن وامان قائم رکھنے کے لئے اپنا قومی فریضہ ادا کریں اور حکومت کا ساتھ دیں۔ وزیر اعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یر صورت ممکن بنایا جائے۔