کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عشرہ محرم پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے جائزے کے لئے بلدیاتی افسران کے ہمراہ مسجد و امام بارگاہ حر گرین ٹائون اور مسجد و امام بارگاہ منتظر المہدی عظیم پورہ کا تفصیلی کرتے ہوئے کہاکہ تمام مکاتب فکر کے لوگ اتحاد و یکجہتی اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دیں اور ملک کر دہشت گردانہ کاروائیوں پر کڑی نظر رکھیں اور سہولیات کی فراہمی اور حفاظتی انتظامات کو مزید بہتر بنا نے کے لئے اداروں سے تعاون کریں۔
دورے میں شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے فوکل پرسن اسلم پرویز اور انفارمیشن آفیسر محمد ارشد بھی موجود تھے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیا قادری نے منتظمین امام بارگاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر عزادروں کو ہر ممکن سہولیات اور جان و مال کے تحفظ کے لئے حق پرست نمائندے اور کارکنان ہمہ وقت مصروف ہیں اور علاقائی مسائل اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ،بلدیاتی ادارے اور رینجرز و پولیس سے مکمل رابطے میں رہ کر انتظامات کی انجام دہی کو بہتر بنا رہے ہیں منتظمین کی جانب سے امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور حفاظتی انتظامات کے حوالے سے اقدامات پر حق پرست نمائندوں اور کارکنان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کو فراہمی و نکاسی آب کے ابتر نظام کے حوالے سے مسائل پیش کئے۔
جس پر ایم پی اے نشاط ضیاء قادری نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی وستھرائی ،روشنی کے انتظامات کی بہتری اور فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت کی کہ اس موقع پر نشاط ضیاء قادری نے منتظمین کو یقین دلا یا کہ سیوریج مسائل حل کرنے کے لئے سیوریج لائنوں کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر آج سے شروع کرادی جائیگی اس حوالے سے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی ذمہ دران کو آگاہ کردیا گیا۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران شاہ فیصل کالونی اور اس سے ملحقہ آبادیوں سے برآمد ہونے والے جلوسوں کے روٹس پر جلوس سے قبل گاڑیوں کی پارکنگ، تجاوزات اور رکاوٹوں کو ہٹا دیا جائے اور منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ تمام تر انتظامات کی انجام دہی کو یقینی بنا یا جائے۔