لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا 44 واں یوم تاسیس تزک و احتشام سے منایا گیا۔ یوم تاسیس کے حوالے سے لاہور اور کرا چی سمیت ملک بھر میں کارکنان و سابقین نے تاسیس کی تقریبات میں شرکت کی۔ جبکہ لاہور میں بھی مرکزی سیکرٹریٹ میں یوم تاسیس کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر علی مہدی نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا مقام شکر ہے کہ آج ہم اس نعمت پردردگار کا 44 واں یوم تاسیس منا رہے ہیں یہ دن جہاں تشکر کا دن ہے وہیں محاسبہ اور تجدید عہد کا دن ہے ,اس دن تجدید عہد کرنا ہے کہ ہم ماضی کی طرح اپنے سفر کی پہلے سے کہیں زیادہ منظم اور مستحکم انداز میںجاری رکھیں گے۔
آج آئی ایس او پاکستان کا شمار فقط ایک طلبہ تنظیم کے طور پر نہیں بلکہ عالمی اسلامی تحریکوں میں ہوتا ہے۔ دنیا کی تمام انقلابی، اسلامی تحریکیں آئی ایس او پاکستان سے واقف ہیں اور اسے پاکستان میں استعماری سازش کے خلاف نبردآزما جوانوں کی ایک منظم تحریک کے طور پر پیش کرتی ہیں علامہ اسد نقوی نے خطاب میں کہا کہ آئی ایس او کے یہ نوجوان اس دور میں اسلام کے نمائندے بن کر ابھرے کہ جب تعلیمی اداروں میں دین کی بات کرنے والوں اور باریش جوانوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔
ایسے مشکل حالات میں آئی ایس او نے جوانوں کو کمیونزم اور سوشلزم کی دلدل سے نکال کر ایک نئی شناخت عطا کی اور تعلیمی رشد عطا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے فکری شعور کو اجاگر کرتے ہوئے جوانوں کو ایک عالمی نہضت کے ساتھ مربوط کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماضی کی طرح اپنے سفر کو پہلے سے کہیں زیادہ منظم اور مستحکم انداز میں جاری رکھیں گے ہم اس پر بارگاہ الہی میں شکر گزار ہیں کہ ہمارا ماضی تابناک اور تابندہ ہے اور اس وقت ہم پورے وجود کے ساتھ میدان میں موجود ہیں اور ایک روشن مستقبل کی امید کیساتھ آگے بڑھ رہے ہیں تقریب میں سابقین و کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔