لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے شعبہ اسکاٹنگ کے نو منتخب امامیہ چیف اسکاٹ تصور کربلائی نے لاہور میں اسکاٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امامیہ اسکاٹس آج ملک کے اہم مقامات پر یوم آزادی پاکستان کے سلسلہ میں تقاریب کا انعقاد کریں گے اس حوالے سے پرچم کشائی ،اسکاٹ سلامی اور یوم آزادی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا تصور کربلائی نیبتایا کہ امامیہ اسکاٹس لاہور میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مرقد پر سلامی پیش کریں گے جس میں لاہور و مضافات سے درجنوں امامیہ اسکاٹس شریک ہونگے تصور کربلائی نے کہا 14 اگست کا دن پاکستان اور برصغیر کے مسلمانوں کے افتخار اور قوم کے جوش و ولولہ کی یاد تازہ کرنے کا دن ہے۔
انسان فطری طور پہ آزادی کو پسند کرتا ہے جو کہ خصائل حسنہ میں سے ہے، کچھ فرد و اقوام دوسری اقوام پہ تسلط قائم کرنا چاہتے ہیں، اسی طرح کا ایک تسلط عالمی سامراج نے برصغیر پاک و ہند میں بھی قائم رکھا، جو یہاں کے انسانوں کی فطری خواہش یعنی آزادی کے سامنے چکنا چور ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کی خوشی منانا زندہ قوموں کا شیوہ ہے اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت ایک فریضہ ہے، جس طرح قیام پاکستان کے وقت طلبا نے قائداعظم کا شانہ بشانہ ساتھ دیتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا تھا اسی طرح پاکستان کی تعمیر و ترقی، دفاع وطن اور حقیقی فکری آزادی کیلئے بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔