لاہور : امامیہ چیف ا سکائوٹ تصور کربلائی نے کہا ہے کہ طلبا کی اخلاقی اور نظریاتی تربیت کیلئے آئی ایس او ہر سال اسکائوٹ کیمپ منعقد کرتی ہے، امسال بھی 10 روزہ کیمپ سکھر میں منعقد کیا جائے گا، جس میں ورزش، احکام، عقائد اور سیرت پر علما کرام اور ماہرین گفتگو کریں گے۔ لاہور میں مجلس عاملہ کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ کیمپ کے انعقاد کا مقصد طلبا کی فکری ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے، تاکہ وہ معاشرے کے ذمہ دار شہری بن کر اپنا کلیدی کردار ادا کرسکیں۔ تصور کربلائی کاکہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے۔
پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، اس کی محافظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ امامیہ چیف اسکائوٹ کا کہنا تھا کہ پروفیشنل ادارہ جات کے طلبا کیلئے غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد آئی ایس او کا خاصہ رہا ہے، اسکائوٹنگ کیمپ اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور نوجوان کی شخصیت بنانے میں اسکائوٹنگ اہم کردار ادا کرتی ہے اور نوجوانوں کے اندر وفاداری اور اپنے وطن سے محب کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امامیہ اسکائوٹنگ کے قیام کے مقصد میں مملکت خداداد پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کا تحفظ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات اسلامی ثقافت کو اپنائیں اور یورپی کلچر کو متعارف نہ کروائیں، کیونکہ طلبا یونیورسٹیز میں اسلام کے نمائندہ ہوتے ہیں، اسکاٹنگ کیمپ کا آغاز 23 دسمبر سے ہوگا جو دس روز تک جاری رہے گا۔