اسلام آباد (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حالیہ بجٹ سودی نظام پر مشتمل ہے لہٰذا ہم آئی ایم ایف کے بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔
گجرات میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم نے بجٹ سے پہلے وزیرخزانہ اسد عمر کو ہٹا کر آئی ایم ایف کا کارندہ لگادیا، اقتدار سے پہلے تعلیم اور صحت کا نعرہ لگانے والوں نے بجٹ میں سب سے کم پیسہ تعلیم پر رکھا۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ گجرات کے لوگوں نے کئی مرتبہ کئی چوہدریوں کو ایوانوں تک پہنچانے کے تجربات کیے اور انھیں کندھوں پر بٹھا کر اقتدار تک پہنچایا اور ایک نہیں بار بار ان سانپوں کے منہ میں دودھ ڈال کر انھیں اژدھا بنایا جو اب آپ کے چاروں طرف موجود ہے لیکن اس اژدھے کا علاج بھی اب آپ لوگوں نے انکے دانت توڑ کر کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کو باربار اقتدار کا موقع ملا مگر انہوں نے ہر بار قوم کے ساتھ انصاف نہیں کیا، انھوں نے روٹی کپڑا مکان کا نعرہ لگا کر لوگوں کی عزت چھینی لی ہے، میری65 سالہ زندگی میں مسلم لیگ (ن) اقتدار میں رہی مگر انھوں نے پاکستان کو کچھ نہیں دیا، دونوں جماعتیں مل کر پی ٹی آئی کو اقتدار میں لیکر آئی ہیں اس وقت پاکستان کی 22 کروڑ عوام ایک بہت بڑی آزمائش سے دوچار ہیں۔