وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر احمد ملک نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط اقتصادی استحکام اور سماجی مساوات کو ختم کر دیں گی اور اس کا نتیجہ ملک کے طول و عرض میں بڑے پیمانے پربے چینی وبدامنی کے سوا کچھ نہیں نکلے گا، کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج تک آئی ایم ایف پر انحصار کرنے والے کسی ملک کی معیشت بہتر نہیں ہوئی، بین الاقوامی قرض دہندہ کا ایجنڈا بھوک و افلاس مسلط کر کے آزادی و خود مختاری سلب کرنا ہے۔
آئی ایم ایف اصلاحات کا اقتصادی فائدہ کم مگر اسکے اثرات عوام، معاشرے، معیشت اور کرنسی پر تباہ کن ہیں، زبیر احمد ملک نے کہا کہ آئی ایم ایف عالمی اجارہ داری یقینی بنانے کا آلہ ہے جسکے حربوں سے درجنوں ممالک میں ارتکاز زر، ارب پتیوں کی تعداد، غربت، بے روزگاری اور امیر اور غریب کے مابین خلیج بڑھ رہی ہے جبکہ ترقی پزیر ممالک میں اسکی رفتار تیز ہے۔
زبیر احمد ملک نے آئی ایم ایف کی ہدایت پر عوام فلاح کے منصوبے ختم کرنے اور معاشی خودکشی کے منصوبوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کلیدی پالیسی ریٹ بڑھانے کا کرنسی کے استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد سے کوئی تعلق نہیں جبکہ ایشیائی ممالک بیل آٹ کے لئے اپنی معیشت کا گلہ نہیں گھونٹیں، اقتصادی اصلاحات کی آڑ میں ترقی پزیر ممالک کی معیشت پر جان لیوا حملوں کا سدباب حکومت کی ذمہ داری ہے۔