امیگریشن اسکینڈل: ایف آئی اے نے مزید 2 ملزم گرفتار کرلیے

FIA

FIA

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف آئی اے نے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ سے دوغیرملکی لڑکیوں کی امیگریشن کے بغیر ملک میں داخل کرنے کے اسکینڈل میں اے ایس آئی امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ راشدہ کوثر اور کراچی کے ایک تاجر آصف کو گرفتار کر لیا جبکہ مرکزی ملزم اویس بہرام بلوچ نے حفاظتی ضمانت کرالی ہے۔

ایف آئی اے کے ذرائع نے بتایا کہ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور تفتیشی ٹیم کے سربراہ بابرخان نے دونوں ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کیلئے جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد کی عدالت میں پیش کیا۔

عدالت نے ملزم آصف کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا تاہم اے ایس آئی راشدہ کوثر کا جسمانی ریمانڈ نہیں دیا اور اسے جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ عدالت نے پہلے سے گرفتار ملزم کانسٹیبل شہزاد کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ سے ایک لاکھ روپے رشوت لینے کااعتراف کیا ہے، ملزم کی گرفتاری کیلیے چھاپے کے وقت یہ رقم برآمد ہوئی تھی۔