اخلاق باختہ پارٹیوں میں شرکت کا تنازع، امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی کی سربراہ نے استعفٰی دیدیا

Michele Leonhart

Michele Leonhart

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ میں منشیات کی روک تھام کے ادارے ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی کی سربراہ مشیل لیون ہارٹ نے گذشتہ روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔

اْن کا استعفیٰ کا فیصلہ محکمے کے حکام کی جانب سے اخلاق باختہ پارٹیوں میں شرکت کے الزامات کے بعد سامنے آیا۔ ان کی ریٹائرمنٹ کا اعلان اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر نے کیا۔ واضح رہے کہ امریکی وزارت انصاف کی جانب سے گذشتہ ماہ پیش کی جانے والی ایک رپورٹ میں الزام لگایا گیا تھا منشیات کی روک تھام کرنے والے ایجنٹوں نے ایسی پارٹیوں میں شرکت کی جن میں جنسی پیشہ ور خواتین شامل تھیں اور ان میں سے بعض پارٹیاں منشیات کے مقامی مافیا نے بیرون ممالک منعقد کرائیں۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ مشیل لیون ہارٹ پر گذشتہ ہفتے سے مستعفی ہونے کا دباؤ تھا۔ خیال رہے کہ انہوں نے گذشتہ ہفتے ایک کانگریس کمیٹی کے سامنے اس واقعے کا اعتراف کیا تھا اور اس کے بعد کمیٹی کے بیشتر ارکان نے کہا تھا کہ اب انہیں لیون ہارٹ پر اعتماد نہیں رہا۔