کراچی (محمد ارشد) حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ تحفظ ماحولیات کے قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنا نے کے لئے عوامی شعور کی آگاہی کے لئے موثر انداز میں مہم چلائی جائے، صاف ستھرے اور سرسبز ماحول کو فروغ دیکر ہی قدرتی ماحول کو آلودگی سے پاک اور ایک صحت مند معاشرے کو تشکیل دیا جا سکتا ہے انہوں نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ آلودگی سے ماحول کے قیام کے لئے صاف ستھرے اور سرسبز ماحول کا قیام یقینی بنایا جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے چیف آفیسر کمال مصطفی اور TMA شاہ فیصل کے متعلقہ آفسیر کے ہمراہ شاہ فیصل ٹاؤن کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی اور بارش کے بعد صحت مند ماحول کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل ٹاؤن کی مختلف یونین کونسل میں علاقہ مکینوں کے وفود سے ملا قات کی اور اُن سے علاقائی مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ شاہ فیصل صفائی وستھرائی کے عمل کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے عوام اپنے تعاون کو یقینی بنا کر شاہ فیصل ٹاؤن میں صاف ستھرے سرسبز معاشرے کے قیام کو یقینی بنائیں اس موقع پر نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران کو بھی ہدایت کی کہ صفائی وستھرائی اور آلودگی سے پاک ماحول کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے موثر اقدامات بروئے کار لا کر عوام کو صحت مند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
دورے کے موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی نے کہاکہ شاہ فیصل ٹائون میں صاف ستھرے سرسبز ماحول کے قیام کو یقینی بنا نے کے ساتھ آلودگی کے خلاف موثر اقدامات کئے جارہے ہیں قدرتی ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لئے زیادہ سے زیادہ سرسبز ماحول کے قیام کے ساتھ کچرے کو آگ لگانے کی روک تھام اور درختوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی کو بتایا کہ اس حوالے سے تحفظ ماحولیات کے قوانین پر عمل درآمد اور عوامی شعور کی آگاہی کے حوالے سے بھی مہم جاری ہے چیف آفیسر نے کہا کہ عوامی تعاون کے ذریعے شاہ فیصل ٹائون میں صاف ستھرے سرسبز ماحول کو فروغ دیکر آلودگی سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنایا جائے گا۔