کراچی (جیوڈیسک) دنیا کے مختلف ترقی یافتہ ملکوں سے استعمال شدہ اشیا پاکستان درآمد کی جاتی ہیں جو مقامی مارکیٹ میں فروخت کرنے کے علاوہ ترقی پذیر ملکوں اور افریقی ممالک کو ری ایکسپورٹ بھی کی جاتی ہیں۔
موسم سرما کے نئے ملبوسات کوٹ، جیکٹ اور گرم کپڑے قوت خرید سے باہر ہونے کی وجہ سے اس سال استعمال شدہ گرم ملبوسات کی فروخت میں 100 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔ دنیا کے مختلف ترقی یافتہ ملکوں سے بڑے پیمانے پر کپڑے، اوون، جرسی، ریگزین اور چمڑے کی جیکٹس، اوورکوٹ اور بڑے پیمانے پر فروخت ہورہے ہیں جبکہ پرانی جرابوں، رضائیوں، بلینکٹس کی بھی مانگ میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا ہے۔
کراچی میں استعمال شدہ کپڑوں کی فروخت کا سب سے بڑا مرکز لائٹ ہاؤس اور صدر کو سمجھا جاتا تھا تاہم بڑھتی ہوئی مہنگائی اور قوت خرید میں کمی کے سبب شہر کے تمام رہائشی علاقوں، مصروف چوراہوں اور سڑکوں پر بھی جگہ جگہ استعمال شدہ پرانے ملبوسات، فٹ ویئرز کے بازار سج گئے ہیں جہاں استعمال شدہ برانڈڈ ملبوسات، جیکٹس، فٹ ویئرز، جینز فروخت کی جاتی ہیں۔ ان مراکز سے کم آمدن والے طبقے کے ساتھ پوش علاقوں کے نوجوان بھی خریداری کرتے ہیں۔
پاکستان میں روایتی طور پر برطانیہ، امریکا، کینیڈا، جرمنی، اٹلی، فرانس، اسپین، پولینڈ تک سے استعمال شدہ ملبوسات، گرم کپڑے، فٹ ویئر، بیگ، کھلونے، کمبل وغیرہ درآمد کیے جاتے ہیں۔ درآمدات کا دائرہ صرف ملبوسات تک ہی محدود نہیں بلکہ بیرون ملک سے بڑے پیمانے پر استعمال شدہ کھلونے، کراکری، کٹلری آئٹمز، برقی آلات، ہیئرڈرائر، ہیئر اسٹریٹرنز، بچوں کے جھولے، بے بی کوٹس، سجاوٹ کی اشیا اور برتن بھی درآمد کیے جاتے ہیں۔
پاکستان سے استعمال شدہ ملبوسات اور دیگر اشیا افریقہ ملکوں کے علاوہ افغانستان کے راستے وسط ایشیائی ریاستوں، فار ایسٹ ممالک کو بھی ری ایکسپورٹ کی جارہی ہیں۔ پرانے کپڑوں کا کاروبار کرنے والے تاجروں اور درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے استعمال شدہ اشیا کی درآمدی لاگت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
ایک سال کے دوران استعمال شدہ اشیا کے 40 فٹ کے کنٹینرز کی لاگت میں 50 سے 60 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے مقامی سطح پر استعمال شدہ آئٹمز کی تھوک قیمتیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ کراچی سے استعمال شدہ گرم ملبوسات اور دیگر اشیا کا 70 فیصد اسٹاک اندرون ملک مختلف شہروں کو روانہ کیا جاتا ہے جس میں پنجاب کا حصہ 50 فیصد سے زائد ہے۔
ریٹیل کی سطح پر گرم جیکٹ 200 سے 300 روپے، بلیزر(کوٹ) 400 سے 500 روپے، کپڑے کے فٹ ویئرز 150 سے 200 روپے، لیدر اور اسپورٹ فٹ ویئرز 300 سے 400 روپے، سوئیٹرز 50 سے 100 روپے، جرسیاں اور ٹی شرٹس 50 سے 100 روپے تک میں فروخت کی جارہی ہیں، لیدر کی جیکٹیں 500 سے 1500 روپے تک فروخت کی جارہی ہیں۔ استعمال شدہ کھلونوں میں مشہور کارٹون کریکٹرز عام کھلونوں کے مقابلے میں دگنی قیمت پر فروخت کیے جاتے ہیں۔