اسلام آباد (جیوڈیسک) ایف بی آر نے ٹیکسوں میں چھوٹ کے غلط استعمال کو روکنے کیلیے صنعتی خام مال کی درآمد کیلیے ٹیکس سے چھوٹ کے سرٹیفکیٹ کی مدت 6 ماہ مقرر کردی ہے۔
گزشتہ روز جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صنعتکاروں کو خام مال کی درآمد کیلیے ٹیکسوں سے چھوٹ کیلیے جاری کردہ ایگزمشن سرٹیفکیٹ 6 ماہ کی مدت کیلیے کار آمد ہوگا اور پھرایگزمشن سرٹیفکیٹ دوبارہ حاصل کرنا ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس چھوٹ کے غلط استعمال کو روکنے کیلیے ایگزمشن سرٹیفکیٹ کے اجرا کا پروسیجر بھی سخت بنادیا گیا ہے، ایگزمشن سرٹیفکیٹ کے تحت درآمدی خام مال صرف ذاتی صنعتی یونٹس میں حتمی اشیا کی تیاری میں استعمال ہوسکے گا۔
اس کے علاوہ ٹیکس دہندگان کو درآمدی خام مال کی اصل نوعیت بتانا ہوگی تاکہ پاکستان کسٹمز ٹیرف کوڈ کے تحت مانیٹرنگ کی جاسکے، اس کے علاوہ ٹیکس دہندگان کو درآمدی خام مال کی مقدار بھی بتانا ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کمشنر انکم ٹیکس کو ایگزمشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلیے ایف بی آر کی طرف سے عائد کردہ شرائط کو پورا کرانا ہوگا۔