انکم ٹیکس جمع نہ کرانے والوں کیلیے ود ہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ

Tax

Tax

اسلام آباد(جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والی کمپنیوں، کھاد درآمد کرنیوالے اورکھاد مینوفیکچررز، دالیں درآمد کرنیوالوں، شپ بریکرز، اسٹیل میلٹرز، کمرشل امپورٹرزسمیت دیگر نان فائلرز کیلیے ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں 5 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دالوں، کھاد اور اسٹیل مصنوعات سمیت دیگر اشیا مہنگی ہونے کا امکان ہے تاہم ایف بی آرکی جانب سے باضابطہ طور پر ترمیمی ایس آراو جاری کر دیا گیا ہے جس میںانکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کے لیے ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح کم رکھی ہے جبکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے لیے ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح بڑھادی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں (فائلرز) کے لیے دالوں کی درآمد پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح ایک فیصد مقرر کی گئی ہے جبکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے درآمدکنندگان (نان فائلرز) کے لیے دالوں کی درآمد پرود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح ڈیڑھ فیصد کر دی گئی ہے۔

ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے کھاد کے درآمدکنندگان اور مینو فیکچررز کے لیے کھادکی درآمدو مینوفیکچرنگ پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 1 فیصد جبکہ نان فائلرز کے لیے کھادکی درآمد و مینوفیکچرنگ پرودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 1.5 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے کمرشل امپورٹر پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 3 فیصد اور نان فائلرز کے لیے ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 4.5 فیصد مقرر کی گئی ہے۔