لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ملک ترقی کی راہ پر چلنے لگتا ہے تو سازشیں شروع ہو جاتی ہیں، ملکی معیشت میں مثبت اشارے ملتے ہی سیاسی عدم استحکام پیداکرنے والے سرگرم ہو گئے ہیں، عمران خان بھی اپنی کم فہمی کی وجہ سے ان سازشی عناصر کا شکار ہوتے نظر آرہے ہیں۔
پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے راناثناء اللہ نے کہاکہ ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے، عوام نے مسلم لیگ ن کو واضح مینڈیٹ دیا، تحریک انصاف کو خیبر پختونخوا میں کوئی مسئلہ نہیں، اسے صرف پنجاب میں دھاندلی نظر آتی ہے، ان کاکہناتھاکہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں۔
تاریخی دھاندلی کے دعویداروں کی جانب سے پنجاب میں صرف 15 پٹیشنز دائر ہوئیں، عمران خان عدلیہ، انتظامیہ، الیکشن کمیشن اور الیکشن ٹریبونلز سمیت کسی ادارے کو تسلیم نہیں کرتے، راناثناء اللہ نے کہاکہ احتجاجی پروگرام میں کسی کو اسلحہ لانے کی اجازت نہیں ہو گی،اس جگہ تک جانے والوں کی جسمانی تلاشی لی جائے گی۔اس بار اَن دیکھی قوتیں ناکام ہوں گی اور جمہوریت کامیاب ہو گی۔