عمران 2018ء میں بھی اسی طرح شکست کا رونا روتے رہینگے: رانا مشہود

Rana Mashood

Rana Mashood

لاہور (جیوڈیسک) صوبائی وزیر قانون رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو عوام کا بھاری مینڈیٹ حاصل ہے اور جمہوریت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان خود نمائی کا شکار ہیں وہ صرف اپنے آپ کو صحیح اور باقی سب کو غلط سمجھتے ہیں۔ عمران خان کے نجی ٹی وی چینل سے انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خاں کا مسئلہ یہ ہے کہ عوام نے انہیں مسترد کیا اور ان کے سب خواب چکنا چور ہو گئے وہ عوام کو ووٹ نہ دینے کی سزا دینا چاہتے ہیں۔

لانگ مارچ والوں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ترقی کا عمل جاری ہے اور اسی رفتار سے جاری رہے گا۔ عمران خان 2018ء کے انتخابات میں بھی اسی طرح شکست کا رونا روتے رہیں گے، میں نہ مانوں کی رٹ نے ماضی میں بھی ملک کو نقصان پہنچایا اب عوام ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ 14 اگست جیسے تاریخی دن کو متنازعہ بنانے کی سوچ عمران خان جیسی ذہنیت رکھنے والے لیڈر کی ہی ہو سکتی ہے۔