اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران فاروق قتل کیس کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے کیس کی مزید تحقیقات کیلیے برطانیہ جانے کی اجازت مانگ لی۔
عمران فاروق قتل کیس کی جے آئی ٹی ڈی جی ایف آئی اے مظہر کاکا خیل کی سربراہی میں کام کر رہی ہے اور ٹیم نے کیس کی مزید تحقیقات اور اس میں پیش رفت کے لیے برطانیہ جانے کی اجازت مانگ لی ہے جس کے لیے وزارت داخلہ کو خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم کیس میں انور محمود اور الطاف حسین کے کزن کا بیان ریکارڈ کرنا چاہتی ہے جب کہ ٹیم نے ایم کیوایم کے قائد کا بیان ریکارڈ کرنے کی بھی اجازت طلب کی ہے۔
اس کے علاوہ خط میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم اس ہاسٹل کا بھی جائزہ لینا چاہتی ہے جہاں عمران فاروق کے مبینہ قاتلوں نے رہائش اختیار کر رکھی تھی جب کہ ٹیم سی سی ٹی وی فوٹیج، گواہان اور پوسٹ مارٹم رپورٹ تک بھی رسائی چاہتی ہے۔