اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی وزارت داخلہ نے پاکستان میں گرفتار ملزم محسن علی سید کو حوالے کیے جانے کی درخواست روک دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ درخواست تکنیکی وجوہات پر روکی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ نے برطانوی وزارت داخلہ سے سفارش کی تھی کہ محسن علی سید کو برطانیہ حوالے کرنے کے لیے پاکستان سے درخواست کی جائے ۔ اس بارے میں برطانوی وزارت داخلہ کا موقف ہے کہ حوالگی کی درخواست برطانیہ کی کراؤن پراسیکیوشن سروس کے مشورے پر روکی گئی ۔
اس سے پہلے برطانیہ نے کئی بار پاکستان کو عمران فاروق قتل کیس میں پیش رفت کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن اب تک گرفتار مرکزی ملزم کو حوالے کرنے کی درخواست پاکستان سے نہیں کی ۔
اسکاٹ لینڈ نے عمران فاروق قتل کیس میں محسن علی اور کاشف خان کو نامزد کر رکھا ہے، جبکہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ حوالگی کا معاملہ پولیس کا نہیں بلکہ حکومتی سطح کا ہے ۔
دوسری جانب برطانوی دفتر خارجہ کا کہناہے کہ حوالگی کی درخواست کے بلاک کئے جانے سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں کیونکہ یہ معاملہ وزارت داخلہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔