اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران فاروق قتل کیس میں ایف آئی اے نے ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ ایم کیو ایم کے سینئر رہنما محمد انور اور افتخار حسین کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات لگائی گئیں ہیں۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد پاکستان نے الطاف حسین ، محمد انور، افتخار حسین تک رسائی مانگ لی جس کے لئے برطانوی حکومت کو باقاعدہ درخواست دی گئی۔
درخواست میں مطالبہ کیا گیا عمران فاروق قتل کیس میں الطاف حسین سمیت نامزد ملزموں سے تفتیش کی اجازت دی جائے۔ درخواست میں برطانیہ سے تفتیشی مواد کی فراہمی اور عمران فاروق کی بیوہ سے پوچھ گچھ کی اجازت کا بھی مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق برطانیہ نے پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی اور آئندہ ہفتے پاکستانی تفتیشی ٹیم سکاٹ لینڈ یارڈٖ کا دورہ کر سکتی ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز ایف آئی آر ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ میں درج کی گئی تھی جس میں دہشتگردی، قتل اور جرم میں معاونت کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔ ایف آئی آر میں تینوں ملزمان محسن علی، معظم علی اور خالد شمیم کو نامزد کیا گیا تھا۔ چند روز قبل حکومت کی جانب سے عمران فاروق قتل کیس کی ایف آئی آر پاکستان میں درج کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔