اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں برطانیہ نے دو ملزموں محسن علی سید اور محمد کاشف کی حوالگی کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا۔
ذرائع کے مطابق خط تین سے چار ماہ قبل لکھا گیا تھا۔ برطانیہ کے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ محسن علی سید اور محمد کاشف نامی دو نوجوان ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں ملوث ہو سکتے ہیں انہیں گرفتار کر کے برطانیہ کے حوالے کیا جائے۔
وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وقوعہ کے بعد یہ دونوں نوجوان فرار ہو کر پاکستان پہنچے تھے۔
دونوں افراد کے خلاف تحقیقات ضروری ہیں۔ وزارت داخلہ نے اس خط کے حوالے سے تصدیق یا تردید نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں برطانوی سفارتخانے کو بھی اس معاملے سے آگاہ کیا جا چکا ہے۔