اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے ملزموں کی گرفتاری کے حوالے سے برطانیہ کو آگاہ کر دیا۔ برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کل (پیرکو) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کریں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق عمران فاروق قتل کیس کے ملزمان محسن علی سید اور خالد شمیم کی چمن بارڈر سے گرفتاری اور اسلام آباد منتقلی کے بعد برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں کیس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے ملزمان سے ہونے والی ابتدائی تفتیش سے برطانوی ہائی کمشنر کو آگاہ کیا۔فلپ بارٹن نے کیس میں تعاون کرنے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق برطانیہ نے کیس کو انجام تک پہنچانے کے لئے ملزمان تک براہ راست رسائی دینے کی درخواست کی جس پر رضا مندی ظاہر کی گئی۔ فلپ بارٹن نے ملزمان کی گرفتاری کو بریک تھرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ ان ملزمان سے خود پوچھ گچھ کرنا چاہتا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں نے سکاٹ لینڈ یارڈ کو ملزمان تک رسائی دینے کے لئے ورکنگ شروع کر دی ہے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم جولائی کے پہلے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرے گی اور یہاں پر انہیں ملزمان تک براہ راست رسائی دی جائے گی۔ دوران تفتیش گرفتار افراد نے بتایا غیر قانونی طریقے سے خندق پار کر رہے تھے کہ دھرلئے گئے، پوچھ گچھ ہوئی تو جواب اردو میں دئے جس پر سکیورٹی اہلکاروں کو شک ہوا تو پکڑے گئے۔