کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ نے عمران فاروق قتل کیس میں معظم علی کی گرفتاری سے متعلق ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سمیت دیگر فریقین سے 2 ہفتے میں جواب طلب کرلیا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ میں معظم علی خان کی اہلیہ سعدیہ بانو کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے شوہر کو رینجرز نے 12 اپریل کو گھر سے گرفتار کیا تھا، ان کے شوہر کو غیرقانونی حراست میں رکھاگیا ہے۔
اس لئے عدالت سے درخواست ہے کہ معظم علی خان کو بازیاب کرایا جائے۔ عدالت نے درخواست پر ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 ہفتے میں جواب طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ معظم علی خان لندن میں ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے مقدمے میں 90 روز کے لئے رینجرز کی تحویل میں ہیں۔