اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں موجود برطانوی پولیس سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے عمران فاروق قتل میں ملوث دوسرے ملزم خالد شمیم سے بھی تفتیش مکمل کر لی ہے۔
اس سے پہلے برطانوی ٹیم نے معظم علی سے پوچھ گچھ کی تھی جس کے بعد انہیں دوسرے ملزم خالد شمیم سے سوال وجواب کی اجازت ملی۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم عید کے بعد تیسرے اور اہم ملزم محسن علی سے تفتیش کرے گی۔
ذرائع کے مطابق برطانوی ٹیم رواں ہفتے لندن روانہ ہو جائے گی۔ دوسری طرف کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت کی اجازت سے رینجرز نے ملزم معظم علی خان کو تفتیش کے لئے ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا ہے۔
خصوصی عدالت میں رینجرز کے سیکٹر کمانڈر کا خط بھی پیش کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ملزم سے تفتیش کے لئے ایف آئی اے کو این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔
ملزم معظم علی خان کو عزیز آباد سے گرفتار کیا گیا۔ اس پر عمران فاروق قتل کیس کے ملزموں کو لندن بھجوانے اور مالی معاونت کے الزامات ہیں۔ قتل میں ملوث اہم ملزم کاشف تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔