کراچی (جیوڈیسک) ایم کیوایم کے شہید کنوینر ڈاکٹرعمران فاروق کے والد فاروق احمد اور والدہ نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی حراست اور علالت پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ فون کرکے رابطہ کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کی اور الطاف حسین کیلئے سخت افسوس اور تشویش کااظہارکرتے ہوئے۔
ان سے مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ ڈاکٹرعمران فاروق کے والد اور والدہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین میرے بیٹے کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کیلئے میرے دل میں وہی جذبات ہیں جو اپنے بیٹے عمران فاروق کیلئے تھے۔
ہمیں اپنے بیٹے کوحراست میں لئے جانے پر بہت دکھ ہے۔ انہوںنے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ الطاف حسین کودشمنوں کے شرسے محفوظ رکھے ،ان کوان کے مشن ومقصدمیں کامیاب فرمائے اوران کاسایہ پوری قوم پر برقراررکھے۔ علاوہ ازیں درگاہ اجمیر شریف میں حضرت خواجہ غریب نوازؒ کے گدی نشین حامد میاں چشتی کی صاحبزادی محترمہ فرازنہ نے نمائش چورنگی پر احتجاجی دھرنے میں شرکت کی اور الطاف حسین سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے۔
ان کی صحت و سلامتی اور درازی عمر سمیت تمام مشکلات و پریشانیوںاور سازشوں کے خاتمے کے لئے درگاہ حضرت خواجہ غریب نواز ؒمیں براہ راست اجتماعی دعائیں کرائیں۔ اسکے علاوہ آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما احمد رضا قصوری نے جمعہ کے روز ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ فون کر کے الطاف حسین کی خیریت دریافت کی اور سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے اظہار یکجہتی اور خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔
انہوں نے صدر پرویز مشرف ، پارٹی کے تمام رہنماء اورکارکنان کی جانب سے الطاف حسین کی حراست پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب الطاف حسین کے ساتھ ہیں۔ دریں اثناء سابق وزیراعظم پاکستان شوکت عزیز اور معروف دانشور افتخارعارف نے بھی فون کر کے الطاف حسین کی خیریت دریافت کی اور الطاف حسین اور ایم کیوایم سے یکجہتی کا اظہار کیا۔