لندن (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں ملوث برطانوی شخص افتخار حسین کی ضمانت میں توسیع کر دی گئی ہے۔ برطانوی پولیس نے پاکستان میں گرفتار 2 اہم ملزموں سے تفتیش کی درخواست کر دی ہے۔
52 سالہ افتخار حسین کی ضمانت میں لندن کی عدالت نے توسیع کی اسے دسمبر میں دوبارہ عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔ میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں پیش رفت ہوئی ہے اور پولیس ملزموں کو پکٹرنے کے لیے پرامید ہے۔
برطانوی پولیس پاکستان میں گرفتار 2 اہم ملزموں سے تفتیش کرنا چاہتی ہے جو اس کیس کے اہم کردار ہیں۔ پاکستانی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ برطانوی پولیس کو دونوں ملزموں سے تفتیش کی اجازت دی جائے۔ 52 سالہ افتخار حسین کو لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ سے 24 جون کو گرفتار کیا گیا تھا جب وہ کینڈا سے واپس آ رہا تھا۔