عمران کا فضل الرحمان کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے یہودیوں کا ایجنٹ کہنے پر مولانا فضل الرحمان کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کے بیان کو سمجھنے میں عدلیہ کو غلط فہمی ہو سکتی ہے، لیکن وہ معافی کس بات کی مانگیں۔؟ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا مولانا فضل الرحمان کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں فضل الرحمان کو عدالت میں لے کر جاوں گا وہ اب عدالت میں ثابت کریں کہ میں یہودیوں کا ایجنٹ ہوں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ تنخواہ دارطبقے کا معاشی قتل ہونے والا ہے، اس جولائی میں 24 فی صد مہنگائی ہوئی ہے،ملک میں بجلی مہنگی ہونے والی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈالر کی قدر بڑھنے سے غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی ہو گی، روپے کی گراوٹ کو روکا جانا چاہیے۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ بجلی چوری روکی جائے، محکموں کی ملی بھگت سے بجلی چوری ہورہی ہے اور بڑے بڑے لوگ ٹیکس نہیں دیتے۔ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 172 حملے ہوئے۔

ڈی آئی خان جیل حملے کا واقعہ ساری قوم کیلیے لمحہ فکریہ ہے، سب تیار بیٹھے تھے کہ جیل پرحملہ ہونے والاہے، سوال یہ ہے کہ لڑائی کیوں نہیں کی گئی، وزیراعلی خیبرپختونخوا کی انکوائری منظر عام پرلائیں گے، خیبر پختونخوا کے 3 طرف فاٹا ہے جہاں سے دہشت گرد آتے ہیں، وفاقی حکومت کو لکھا ہے کہ ایف سی کو خیبر پختوانخوا بھیجے۔ انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ووٹرز نے انتخابات میں دھاندلی کی تصاویردی ہیں، سپریم کورٹ ملک کی جمہوریت کو بچائے۔