اسلام آباد (جیوڈیسک) یہاں ایک فائیو سٹار ہوٹل میں انتظامیہ کی جانب سے افطار ڈنر کے دوران صحافیوں نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو دیکھا تو ان سے ملک کی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرنے کے لئے کہا۔
ایک صحافی نے سابق جیف جسٹس سے پوچھا کہ آج کل عمران خان آپ کو یاد کر رہے ہیں تو سابق چیف جسٹس نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا ’’اچھا مجھے بہت یاد کر رہے ہیں‘‘ سابق چیف جسٹس نے صحافیوں کے سوالات دینے سے گریز کیا۔ افتخار محمد چودھری نے عمران خان کی طرف سے 2013ء کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
جب ایک صحافی نے سوال دہرایا تو انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی اور عدلیہ کی بحالی میں میڈیا کا بہت کردار رہا ہے، میں انکی بہت عزت کرتا ہوں۔ آپ مہربانی کریں افطار کریں، کھانا کھائیں جس پر صحافی مسکراتے ہوئے واپس اپنی نشستوں پر چلے گئے۔
افطار ڈنر میں دیگر اہم شخصیات میں چیئرمین نیب قمر الزمان چودھری وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف مذہبی امور کے وزیر مملکت پیر امین الحسنات کے علاوہ اعلیٰ بیوروکریٹس کئی ریٹائرڈ ججز اور سینئر صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ افتخار محمد چودھری خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے، کئی نوجوانوں نے ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔