عمران عدالتی معاملے پر اثر انداز ہونے سے گریز کریں، نادرا

Nadra

Nadra

اسلام آباد (جیوڈیسک) نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے کہا ہے کہ وہ الیکشن ٹریبونل کے احکامات کے مطابق انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کا عمل نیک نیتی سے جاری رکھے ہوئے ہے، چیرمین تحریک انصاف عمران خان ادارے کو غیر ضروری دبائو میں لانے سے اجتناب کریں۔

نادرا ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد سے ادارے کے ترجمان کی طرف سے جاری اعلامیے میں چیرمین تحریک انصاف کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ عدالتی معاملے پر اثرانداز ہونے سے گریز کریں کیونکہ انگوٹھوں کی نشاندہی کا معاملہ الیکشن ٹریبونل کے زیر غور ہے، حتمی فیصلہ الیکشن ٹریبونل کے دائرہ اختیار میں ہے۔

ترجمان نے کہاکہ نادار کی رپورٹ، شہادت یا ثبوت کو مد نظر رکھ کر کوئی نتیجہ اخذ کرنا الیکشن ٹریبونل کا کام ہے۔ ترجمان نے موقف اختیار کیا کہ نادار ملکی و بین الاقوامی شہرت کا حامل ادارہ ہے جس نے ہر میدان میں اپنی شفافیت برقرار رکھی۔ نادرا انگوٹھوں کی تصدیق پر مبنی 29 حلقوں کی رپورٹ متعلقہ الیکشن ٹریبونل میں جمع کرا چکا ہے۔ نادار نے صرف الیکشن ٹریبونل کے جج کی موجودگی میں انگوٹھوں کی تصدیق پر مبنی رپورٹ کے ہر جز کا دفاع کیا۔

ترجمان کے مطابق درخواست گزار اور مدعی کے وکلا نے بھی تسلی کا اظہار کیا، نادرا کی جمع کرائی گئی رپورٹ حتمی فیصلہ نہیں صرف حقائق کی نشاندہی ہے۔