پشاور (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے خلاف پاناما لیکس فوری تحقیقات کے لیے اگلی احتساب ریلی 13 اور 14 اگست کو راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہو گی۔
تحریکِ انصاف کے رہنما عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خلاف تحریک احتساب کی پہلی ریلی پشاور سے شروع ہو کر جی ٹی روڈ پر خیر آباد اٹک کے مقام پر ختم ہوئی۔
اس دوران عمران خان نے کئی مقامات پر خطاب بھی کیا۔ریلی میں شرکی کے لیے جی ٹی روڈ پشاور میں زکوڑی پل کے قریب صبح ہی سے تحریک انصاف کے کارکن جمع ہونا شروع ہوگئے تھے۔
تحریک انصاف کے کارکنوں نے شدید گرمی کے باوجود جی ٹی روڈ کو ایک طرف سے بند کرکے بڑی تعداد میں ایک جانب جمع تھے اور وقفے وقفے سے ’گو نواز گو‘ کے نعرے بلند کرتے رہے۔
خیر آباد اٹک میں ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور ایف بی آر جیسے اداروں میں حکمرانوں کا قبضہ ہے اور نواز شریف نےعوام کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس عوام کے حقوق کے لیے سڑکوں پر آنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے اور انصاف نہ ملنے تک سڑکوں پر پرامن احتجاج کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ تحریکِ احتساب کے اگلے مرحلے میں 13 اگست کو روالپنڈی اور 14 اگست کو اسلام آباد میں جمع ہوں گے۔
ریلی میں پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کے علاوہ خواتین کارکنوں نے بھی شرکت کی۔
تاہم شدید گرمی کی وجہ سے بیشتر پی ٹی آئی رہنما گاڑیوں کے اندر بیٹھے رہے جبکہ اس دوران کارکن گاڑیوں کی چھتوں میں بیٹھ کر نعرہ بازی کرتے رہے۔