لاہور (جیوڈیسک) وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیرعلی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو بال ٹیمپرنگ کی عادت ہے اس لئے لگتا ہے ان کے ساتھ ٹی 20 مقابلے کا وقت آگیا ہے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ عمران خان صرف دعوے کرتے ہیں، انھیں بال ٹمپرنگ کی عادت ہے، ان کے پاس سیاست کرنے کے لیے کچھ نہیں ہے، اس لئے وہ وہ اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کے لیے احتجاج جیسے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں،اس بار ان کی سیاست کا جنازہ پاکستانی عوام نکالیں گے۔
عمران خان کہتے ہیں کہ جو ان کے خلاف بات کرے اسے جیل میں ڈال دیا جائے کیوں نا انہیں ہی جیل میں ڈال دیا جائے، وہ رائیونڈ آئیں تو انہیں تبلیغی اجتماع میں بٹھائیں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہناہے کہ عمران خان کو کچھ نہیں کہنا، ان سے اس وقت نمٹیں گے جب وہ ووٹ لینے نکلیں گے لیکن انہیں لگتا ہے کہ اب عمران خان سے ٹی 20 مقابلے کا وقت آگیا ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ہم پاکستان کو بہتری کی طرف لے کر جا رہے ہیں، ملک میں صنعتوں کو مسلسل بجلی فراہم کی جا رہی ہے، رواں سال بجلی کی پیداوار 18 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جائے گی جب کہ زیرتعمیر پاور پلانٹس 2017 تک مکمل ہوجائیں گے۔ بیرون ممالک میں تمام کاروبار رات 8 بجے بند کر دیے جاتے ہیں، ہمیں رات 9 بجے تک مارکیٹیں بند کرکے بجلی بچانا ہو گی۔
اگر 9 بجے تک دکانیں بند نہ ہوئیں تو ان سے صنعتی ٹیرف وصول کریں گے۔