ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ عمران خان لندن میں الطاف حسین کے خلاف بے بنیاد اور زہریلے پروپیگنڈے میں مصروف ہیں لیکن تمام منفی پروپیگنڈوں کے باوجود الطاف حسین نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہا ہے کہ الطاف حسین اور متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف تمام سازشیں ماضی کی طرح ناکام ہونگی اور سازشی عناصر کو منہ کی کھانا پڑے گی۔
رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ الیکشن کے دوران عوام سے کئے وعدوں سے یوٹرن اور خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت کی نااہلی سے توجہ ہٹانے کے لیے تحریک انصاف کے عہدیدار الطاف حسین پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔ اس سے قبل بھی عمران خان الطاف حسین کے خلاف من گھڑت ثبوت لیکر لندن جا چکے ہیں جہاں انہیں منہ کی کھانی پڑی تھی۔