اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ڈی چوک پر انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جلسے سے خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ اگر ایک حلقے میں بھی جعلی ووٹ نکلے تو حکومت کو رہنے کا حق نہیں ہے۔ عمران خان اگر اعلان کریں کریں تو یہ جعلی حکومت اور اسمبلیاں 10 منٹ میں ختم ہو جائے گئیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت جمعیت علماء اسلام نے بھی عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگایا۔ سب سے پہلے این اے 55 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کرائی جائے۔ چار ان کے اور چار ہمارے حلقوں کی تصدیق کرا لی جائے۔
اگر ایک حلقے میں بھی جعلی ووٹ نکلے تو حکومت کو رہنے کا حق نہیں۔ دھاندلی ثابت ہو جائے تو عمران خان احتجاج کیلئے کال دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں لوٹ مار جاری ہے۔ ملک پر چند خاندانوں کا قبضہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا انجن دھواں دے رہا ہے، پسٹم ختم ہو چکے ہیں، ان کے پلگ میں کچرا ہے۔ وزیر اعظم ایران بھاگ گئے ہیں۔ جس دن شیخ رشید اور نواز شریف کافی پیئں گے، قیامت کی نشانی ہو گی۔