اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کی مانگنے کی عادت پرانی ہے ، کہتے ہیں عمران خان چار سو کنال پر محیط اپنا بنی گالا کا گھر میانوالی کے لوگوں کو دے کر کالج کے سٹیڈیم کیلئے زمین لے لیں۔
اسلام آباد میں یوم قائد کے حوالے سے منعقدہ تصاویری نمائش میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کے مانگنے کی عادت پرانی ہے، عمران خان نے مودی سے بھی بال اور بلا مانگا جو انہیں نہیں ملا۔ عمران خان جن لوگوں سے میانوالی کی زمین مانگ رہے ہیں وہاں وہ اپنے بچوں کیلئے گھر بنانا چاہتے ہیں۔ عمران خان خود 400 کنال کے گھر میں رہتے ہیں۔ عمران خان اپنا بنی گالا کا گھر میانوالی کے لوگوں کو دے دیں اور ان سے زمین لے لیں۔
انہوں نے کہا کہ 2013 کے مقابلے میں 2015 کا پاکستان زیادہ پرامن ہے، آمریت کے زمانے میں ہر ایک نے اپنا قائد بنانے کی کوشش کی، آج کا پاکستان قائد اعظم کے پاکستان سے قریب تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ حکومت نے آپریشن ضرب عضب شروع کیا، اب تو عمران خان بھی اس کا کریڈٹ نوازشریف کو دیتے ہیں۔ نواز شریف کی کسی پالیسی کے نتیجے میں دہشتگردی پیدا نہیں ہوئی۔
ن لیگ کے سابقہ دور حکومت کے خاتمے پر لوگ دہشتگردی کے نام سے بھی آشنا نہیں تھے۔ سابقہ حکومتوں کے احتساب کی کوئی بات نہیں کرتا، صرف نواز شریف کے احتساب کی بات کیوں کی جاتی ہے، نواز شریف کے بغیر نہ تو سڑکیں بنتی ہیں اور نہ ہی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے معاہدے ہوتے ہیں۔