ڈیرہ اسماعیل خان (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے دھرنے کی کوئی اہمیت ہے اور نہ ہی حکومت کو اس قسم کی مارچ سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت ہے، عمران خان کے پیچھے غیر مرئی قوتوں کا ہاتھ ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کاحل آپریشن نہیں ہے، اس مسئلے کو مل بیٹھ کر حل کیا جا سکتا تھا مگر حکومت وقت نے آپریشن کو فوقیت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا اسلام آباد میں 14 اگست کو دھرنا کسی اہمیت کا حامل نہیں، خواہ مخواہ اس دھرنے کو اہمیت دی جا رہی ہے اور نان ایشو کو ایشو بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سب کو معلوم ہے کہ عمران خان کے پیچھے غیرمرئی قوتوں کا ہاتھ ہے اور وہ انھیں ایسی باتوں پر اکسا رہی ہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان کی جو ڈیوٹی لگائی گئی ہے وہ اپنی ڈیوٹی پوری کریں نہ کہ ایسے اقدام کریں جس سے ملک میں انارکی پھیلے۔
حکومت کو عمران خان کے لانگ مارچ سے خوفزدہ ہونے کی ہر گز ضرورت نہیں۔ تحریک انصاف اوچھے ہتھکنڈوں سے جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔انھوں نے کہا کہ عمران خان خیبرپختونخواہ میں اپنے انتخابی وعدے وفا کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کی حکومت خیبرپختونخواہ کی عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت کو کوئی بھی ختم نہیں کرے گایہ خود بخود ختم ہو جائے گی۔