لاہور (جیوڈیسک) عمران خان تیسری بار دلہا بن گئے، مفتی نعیم نے نکاح پڑھایا، چیئرمین پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی سے شادی ہو گئی۔ نعیم الحق نے تصدیق کر دی ہے کہ عمران خان کے قریبی دوستوں نے نکاح کی تقریب میں شرکت کی۔ نکاح کی تقریب کی تصاویر جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ نکاح کی تقریب میں دلہن کے قریبی رشتہ داروں اور عمران خان کے دوست زلفی بھی شریک ہوئے۔ عمران خان کے دوست زلفی بخاری اور عون چودھری ان کے نکاح کے گواہ بنے۔ نکاح لاہور میں بشریٰ بی بی کے بھائی احمد وٹو کے گھر پر ہوا۔
رہنما پی ٹی آئی نعیم الحق نے چند روز قبل نکاح ہونے کی خبر کی تردید کی اور کہا کہ نکاح آج ہی ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہنوں نے نکاح میں شرکت کی یا نہیں، اس بارے میں وہ کچھ نہیں جانتے۔
ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی بہنوں نے نکاح میں شرکت نہیں کی، عمران خان ابھی بنی گالہ نہیں پہنچے اور وہ کچھ دیر بعد اپنی نئی شریکۂ حیات سمیت بنی گالہ پہنچیں گے۔ فواد چودھری کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے ولیمے کی کسی بڑی تقریب کے انعقاد کا امکان نہیں ہے۔ انہوں نے عمران خان کو ان کی تیسری شادی پر مبارکباد دی اور ان کی اور بشریٰ بی بی کی شادی کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے نکاح کی خبر سن کر تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ٹویٹر سمیت سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر قائدین اور کارکنوں کی جانب سے عمران خان کو مبارکباد کے پیغامات دینے کا سلسلہ جاری ہے۔ عمران خان کے چاہنے والے ان کے اور ان کی اہلیہ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے بھی ایک ٹویٹر صارف کو جواب میں لکھا ہے کہ یہ تم ہی تھے جس کی وجہ سے میں نے شادی کی۔
ٹویٹر صارف نے لکھا تھا کہ طلاق دونوں کو ہوئی فرق یہ ھے کہ جمائما نے برا وقت آنے پر ملک سے باھر بیٹھ کر عمران خان کی عزت بچائی جبکہ ریحام خان نے عمران خان کے اچھے دن آنے سے روکنے کے لیے اس کی عزت تباہ کرنے کی کوشش کی۔ ریحام خان اچھے کردار کی عورتیں اپنے طلاق کے سرٹیفیکیٹ کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال نہیں کرتیں۔