عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شہباز شریف اور بلاول بھٹو کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ

Shahbaz Sharif, Imran Khan, Bilawal Bhutto

Shahbaz Sharif, Imran Khan, Bilawal Bhutto

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں صدر مسلم لیگ(ن) شہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

بنی گالا میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤس، وزرائے اعلیٰ ہاؤسز اور گورنرز ہاؤسز کے اخراجات میں کمی لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کراچی، لاہور، بنوں اور اسلام آباد کی نشستیں چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ میانوالی کی آبائی نشست اپنے پاس رکھیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ جمہوریت میں سب سے اہم ادارہ پارلیمنٹ ہے اور وزیراعظم ایوان کوجوابدہ ہوں گے، عمران خان خود ایوان کو ایک گھنٹے کے لیے جواب دیا کریں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حلف برداری کی تقریب میں تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز کو دعوت دی جائیگی جب کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور خورشید شاہ کو بھی تقریب میں مدعو کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کو مضبوط بنانے کے لیے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے اور اپوزیشن کے جو بھی مطالبات ہیں ان پر غور و فکر کیاجائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ اسد عمر ایف اے ٹی ایف سمیت بین الاقوامی امور پر رابطے میں ہیں جن سے متعلق وہ بریفنگ لے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس 13 اگست کو ہوگا جس میں نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے جس کے بعد اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہو گا۔

اسمبلی میں وزیر اعظم کا انتخاب 17 اگست کو ہو گا جس کے بعد عمران خان 18 اگست کو ایوان صدر میں تقریب حلف برداری ہو گی۔