اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف قوم سے مسلسل نا انصافی کر رہی ہے، عمران خان مذاکرات چاہتے ہیں تو سنجیدہ اور سازگار ماحول پیدا کریں۔
خواجہ سعد رفیق نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کی گردن پر تلوار رکھ کر مذاکرات نہیں کیے جا سکتے، پی ٹی آئی کا نظریہ صرف بہتان تراشی ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ دھاندلی کے ذمہ داروں اور بہتان تراشی کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیے۔
عمران خان جھوٹے الزامات کی آڑ میں خیبر پختونخوا میں اپنی نا لائقی اور نا اہلی چھپانا چاہتے ہیں، ان کی ہٹ دھرمی قومی ترقی کی رفتار کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاست ملک دشمنوں کے عزائم کی تکمیل کر رہی ہے، انہیں سپریم کورٹ پر اعتماد ہے تو ہمارے خلاف دائر اپنی پٹیشن میں دھاندلی کے ثبوت کیوں نہیں دیتے۔