اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان نےآج تک انتخابات پر 13 الزامات لگائے جو غلط نکلے، ایک پیپر تیار کیا ہے جس میں تفصیل کیساتھ بڑے الزامات کا جواب دیا گیا ہے، (ن) لیگ نے عمران خان کے الزامات کے جواب میں وائٹ پیپر جاری کیا ہے، انتخابی اصلاحات، اسے قانونی تحفظ دینا مسلم لیگ(ن) کا اپنا ایجنڈا ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے صرف 20 ایسے حلقوں میں اعتراض کیا جہاں (ن) لیگ جیتی تھی، انہوں نے تو پارٹی انتخابات میں بھی گھپلے کیے، تحریک انصاف نے تو پارٹی کے ٹکٹس میرٹ پر تقسیم نہیں کیے، انہیں 18نشستیں تحفے میں بھی دے دیں تو بھی حکومت نہیں بنا سکتے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ تصویر والی ووٹر فہرستیں استعمال کی گئیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دھرنوں کی وجہ سے ملکی معیشت کو اربوں کا نقصان ہو چکا ہے، دھرنے والوں کو بھگانا مشکل نہیں لیکن حکومت طاقت کا استعمال نہیں کرے گی، صبح میں ایک دھرنے میں 200 اور دوسرے میں 1200 افراد ہوتےہیں، دھرنے والے پاکستان کے حال پر رحم کریں اور پاکستان کو آگے بڑھنے دیں۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے تمام امیدوار بھی جیت جاتے تب بھی یہ حکومت نہیں بنا سکتے تھے، 55حلقوں میں تحریک انصاف کی ضمانتیں ضبط اور 10 میں کوئی امیدوارہی نہیں تھا، فافن کے41 ہزار افراد الیکشن کا جائزہ لینے کے لیے تعینات تھے، فافن کے مطابق 272 نشستوں میں سے 246 میں نتائج بالکل درست پائے گئے۔