اسلام آباد (جیوڈیسک) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک کے تحت دھرنے میں اپنا بجلی کا بل جلا دیا جب کہ دھرنے میں موجود شرکا نے بھی اپنے بل جلاڈالے۔
اسلام آباد میں ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نےکہا کہ نواز شریف کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کہ میں یہاں سے تھک کر چلا جاؤں گا، ہم نے بڑی عید کا پلان بنا لیا ہے ہم قربانی بھی دھرنے میں ہی کریں گے کیونکہ اگر ہم یہاں سے چلے گئے۔
تو دھاندلی کی کوئی تحقیقات نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا اگر نواز شریف نے استعفیٰ نہیں دیا تو ان کے لیے ہر دن مشکل ہوتا جائے گا جبکہ حکومت نے ہمارے آدھے مطالبات بھی نہیں مانے اور مطالبات ماننے کی باتیں کرکے جھوٹ بولا جارہا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اپنے آپ کو قائد اعظم سے نہ ملائیں، قائداعظم نے ملک اقتدار کے لیے نہیں بلکہ پاکستانیوں کے لیے بنایا تھا انہوں نے پاکستان بنایا تھا فیکٹریاں نہیں بنائیں، قائداعظم نے ہمیشہ سچ بولا اور نوازشریف کے جھوٹ بے شمار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں جمع ہونے کا مقصد قوم کو ان کے حقوق بتانا ہے جیسے ہی عوام کو اپنے حقوق کا پتا چل جائے گا تب کسی بھی حکمران میں عوام کو بھیڑ بکریوں کی طرح رکھنے کی جرات نہیں ہو گی۔
چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مزدوروں پر ظلم ہورہا ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، سندھ کے ہاریوں پر جاگیرداروں جیسا ظلم کہیں بھی نہیں دیکھا، ظلم کہیں پر بھی ہو مقابلہ کرنا سب کا فرض ہے اور ہم اسی ظلم کے خلاف اسلام آباد میں بیٹھے ہیں کیونکہ ظلم و ناانصافی کا مقابلہ کرنا جہاد ہے جبکہ اب عوام بھی ہمارے نظریئے کے لیے اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔