کراچی (اسٹاف رپورٹر) محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے مرکزی صدر محمد سلیمان راجپوت کے ہمراہ نیشنل پریس کلب کے دورے کے موقع پرمیڈیا نمائندگان سے قومی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کیلئے ملک میں جاری نام نہاد احتساب ایک تو ویسے ہی کسی مذاق سے کم نہیں ہے۔
کیونکہ کرپشن زدہ عوام دشمن اور لٹیرے ایوانوں و پارلیمنٹ میں بیٹھے مسلسل ملک و قوم کو لوٹ رہے ہیں اور کرپشن کیسز کے باجود نہ صرف سلاخوں سے باہر ہیں بلکہ اقتدار کی مسندوں پر بھی براجمان ہیں جو یقینا آئین ‘ قانون ‘ پاکستان اور عوام سے بھونڈا مذاق اور ان پر ظلم و سفاکیت کی انتہا ہے۔
مگر اس سے بھی بڑھ کرعوام کو آپریشن کی اس رفتار پر حیرت ہے جو کرپٹ وزرا ¿ ‘ مشیران ‘ اشرافیہ اور سرکاری عہدیداران کو بیرون ملک منتقل ہوکر محفوظ ہونے کا موقع فراہم کررہی ہے۔
جبکہ وزیراعظم کی جانب سے نیب کو ڈانٹ پلائے جانے اور خورشید شاہ کی جانب سے ایف آئی اے کی کارکردگی پر اعتراض اٹھانے کے بعد اب اس رفتار کی معدومیت کے بھی خطرات پیدا ہوچکے ہیں جو اس بات کا مظہر ہیں کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان مک مکا کی عمران خان کی بات مستند ہونے والی ہے۔