عمران خان کا ملک کو بند کرنے کا منصوبہ جمہوریت کے خلاف سازش ہے، خواجہ غلام فرید

Tariq Pahar

Tariq Pahar

کروڑ لعل عیسن (نامہ نگار) عمران خان کا ملک کو بند کرنے کا منصوبہ جمہوریت کے خلاف سازش ہے ملک میں سیاسی بحران حل ہونا چاہیے، الیکشن 2013 میں دھاندلی سپریم کورٹ کا جوڈیشل کمیشن فیصلہ کرے۔

ان خیالات کا اظہار سرائیکستان قومی اتحاد کے سربراہ و مرکزی راہنما خواجہ غلام فرید کوریجہ نے کروڑ لعل عیسن کے تحصیل صدر عارف خان سیہڑ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سرائیکی خطے کی عوام عمران خان کا ساتھ کیوں دیں ؟ کیوں کہ وہ رٹی رٹائی تخت لاہور کی غلامی کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا عمران خان سرائیکی خطے کی عوام کے بارے میں کوئی واضح بات نہیں کرتے عمران خان کو تخت لاہور کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان سرائیکی امنگوں پر پانی پھیر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میاں برادران کی سرائیکی خطہ کے لیے دشمن پالیسیاں ان کی ناکامی کا باعث بن رہی ہیں، ہیڈ محمد والا پل کی بندش اور نشتر گھاٹ کی تعمیر مکمل نہ ہونا نواز حکومت کے لیے بد نما داغ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرائیکی صوبہ کے قیام کے لیے بھر پور رابطہ مہم جاری ہے، ڈیرہ غازی خان میں کامیاب دو روزہ فیسٹیول کرنے کے بعد ڈیگر اضلاع میں بھی ورکرز کنونشن اور فیسٹیول کا انعقاد کریں گے، انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب، تھل اور ملتان صوبہ کے نام پر سرائیکیوں کو تقسیم کرنے والے ایک ہی ادارہ تخت لاہور کے تربیت یافتہ ہیں۔

انہوں نے ضلع لیہ کے تینوں تحصیلوں کا جلد دورہ کرنے کا بھی وعدہ کیا اس موقع پر تحصیل صدر لیہ منظور خان مچھرانی ، ملک سلطان ، مزمل ، محمد بخش گبر ودیگر کارکن موجود تھے۔