اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لئے پاک فوج بہت قربانیاں دے رہی ہیں۔ آنے والے دنوں میں پاکستان زیادہ محفوظ ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کی گالیاں اور الزامات کو برداشت کرتے ہیں۔
انہیں بھی کم از کم اپنے خلاف سچ کو برداشت کریں۔ ہم اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں سے سبق سیکھتے ہیں۔ امید ہے عمران خان اپنے تجربات سے سیکھیں گے اللہ تعالی عمران خان کو غلطیوں سے دور رکھے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ دھرنوں سے پاکستان کی معاشی ترقی میں تاخیر ہورہی ہے۔ عمران خان کو فسطائیت پھیلانے کے بجائے جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہیے۔ دہشت گردی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے پاکستان کو دہشتگردی سے پاک کرنے کا عمل شروع کیا ہوا ہے۔ دہشتگردی کو ختم کرنے کیلیے پاک فوج بہت قربانیاں دے رہی ہے۔