اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ 2013ء کے انتخابات صاف اور شفاف تھے، لوگ خوشیاں مناتے نظر آئے لیکن اس کے برعکس خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دن دھونس، دھاندلی اور انارکی کا دن تھا۔ 35 پنکچر کا الزام لگانے والوں نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پوری ٹیوب ہی پھاڑ دی تھی۔
خیبر پختونخوا کے عوام بلدیاتی الیکشن کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے تھے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کو گمراہ کرنے کی سازشیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور عدالت میں اپنا کیس لڑنے کے بجائے میڈیا ٹرائل میں مصروف ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الزامات لگائے تو جا سکتے ہیں لیکن عدالت میں ثبوت پیش کرنا پڑتے ہیں۔
عمران خان نے 35 پنکچر کے بارے میں سوال پوچھنا تو درکنار اس کا ذکر تک نہیں کیا۔ جھوٹ بولنا عدالت میں مشکل ہوتا ہے اور سچ عمران خان کے پاس نہیں ہے۔