کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اگر اعلیٰ عدالت پر اعتماد ہے تو انہیں عدالت کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیئے، سڑکوں پر کئے جانے والے فیصلہ نہیں مانیں گے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں مرحوم امجد صابری کے گھر پہنچے اور مرحوم کی بیوہ کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا وہ پورا کرنے آیا ہوں ۔ امجد صابری کی اہلیہ کے لئے ایک کروڑ روپے چیک دے دیا ہے۔ تاہم رقم امجد صابری کا متبادل نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور اعتزاز احسن خبر لیک کرنے پر انگلیاں اٹھانے والے ہیں۔ ان کے پاس ثبوت ہیں تو عدالت جائیں۔ ان کے اپنے لوگ بھی اجلاس میں تھے انکے خلاف انگلیاں کیوں نہیں اٹھا رہے تھے ۔ واقعہ کی تحقیقات ہو رہی ہیں جب مکمل ہو جائے گی تو سامنے آجائیں گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر کا مہینہ محلاتی سازشوں کا مہینہ ہوتا ہے۔ عمران خان اکتوبر سازش کا حصہ ہیں ۔ اسلام آباد کے شہریوں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ عمران خان کو اگر اعلی عدالت پر اعتماد ہے تو انہیں عدالت کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیئے۔اگر فیصلہ ہمارے حق میں آیا تو عمران خان سے معافی کا مطالبہ نہیں کرینگے۔ عدالت کا فیصلہ ہمارے خلاف آیا تو ماننے میں ایک لمحہ نہیں لگائیں گے۔ سڑکوں پر کئے جانے والے فیصلہ نہیں مانیں گے۔ عمران خان جب بھی حکومت پر چڑھائی کا فیصلہ کرتے ہیں۔ لائن آف کنٹرول پر چڑھائی ہو جاتی ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پر پابندی لگانے کا فیصلہ اکیلے نہیں کر سکتے۔