اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے 90 کی دہائی میں کوئی ٹیکس نہیں دیا وہ دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں جب کہ وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین ملک کے امیر ترین آدمی ہیں انہوں نے 24 کروڑ سے زائد کا ٹیکس معاف کرایا ہم عمران خان اور جہانگیر ترین کی بے ضابطگیوں کو جلد سامنے لائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ارکان اسمبلی سمیت تمام لوگوں کو ٹیکس ادا کرنا چاہئے، ایف بی آر کو ارکان اسمبلی کو ٹیکس جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 90 کی دہائی میں کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا انہیں دوسروں پر الزام لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے جب کہ جہانگیر ترین نے بھی قرض معاف کرائے ہیں لیکن اب حکومت نے بینک آزاد کر دیئے ہیں، حکومت نہ اب قرض دلا سکتی ہے اور نہ ہی معاف کرا سکتی ہے اب جو بھی بینک سے قرض لے گا وہ قرض دینے اور لینے والے خود ہی جانیں گے۔